وسائل کا رونا رونے والے دیکھ لیں کام کیسے ہوتا ہے، ایڈمنسٹریٹر

October 23, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وہی ڈی ایم سی سینٹرل سارے کام کر رہی ہے جو پہلے کہتی تھی کہ وسائل نہیں ہیں،وسائل کا رونا رونے والے دیکھ لیں کام کیسے ہوتا ہے، آج کام ہوتا نظر آرہا،پاک بھارت کرکٹ میچ مختلف مقامات پر دکھائینگے ۔تفصیلات کےمطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی ،سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کاارفع فیملی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہناتھاکہ ڈی ایم سی سینٹرل وہی سارے کام کر رہی ہے جس کیلئے پہلےوسائل کا رونا رویا جاتا تھا، میں بتاؤں فائر بریگیڈ کی مینٹی ننس کا ٹھیکہ کس کو دیا ہوا تھا؟ وسیم اختر جب خود مئیر تھے کچھ اور کہتے تھے اب کچھ اور کہہ رہے ہیں، پاک بھارت کرکٹ میچ شہر کے مختلف مقامات پر دکھا یا جائے گا، فیملیز کیلئے بڑی اسکرینز لگائی جا رہی ہیں، خستہ حالی کا شکار ارفع فیملی پارک کو ازسرنو تزئین وآرائش کے بعد عوام کیلئے کھول دیا ہے،پیپلزپارٹی کراچی کے تشخص کو بحال کرنے کا عزم کرچکی ہے،انہو ں نے کہاکہ جو لوگ اختیارات اوروسائل کی بات کرتے تھے دیکھ لیں کہ اختیارات بھی وہی ہیں وسائل بھی وہی ہیں صرف چہرے اور نیت تبدیل ہوئی ہے اور آج نظر آ رہا ہے کہ انتظامیہ مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے،ناظم آباد نمبر ایک میں کچھ روز قبل پارک کا افتتاح کیا تھا اور اگلے ہفتے ضلع وسطی کے عوام کو ایک اور پارک دینے جا رہے ہیں،ضلع وسطی میں ایک سال کے مقابلے میں صفائی کی صورتحال بہتری ہوئی،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ کراچی کے ہر ضلع میں کام ہو رہا ہے، سائٹ میں سڑکیں تعمیر ہونا شروع ہوگئی ہیں،کیماڑی میں سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کا کام جاری ہے، مائی کولاچی روڈ ہو، آغا خان پارک ہو یا دیگر سب جگہ کام جاری ہے، لیاقت آباد سپر مارکیٹ کو کے ایم سی اور پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ٹھیک کرنے جا رہی ہے، انہو ں نے کہاجو لوگ میری سیاسی جماعت پر تنقید کرتے ہیں کہ ہم متعصب ہیں وہ دیکھ لیں کہ آج میں نائن زیرو کے قریب کھڑا ہوں اوراس پارک کا افتتاح ثابت کرتا ہے کہ پیپلزپارٹی تقسیم اور نفرت کے بجائے بلا رنگ وُ نسل خدمت کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔