قیدیوں اور جیل ملازمین کو ریلیف کیلئے پیکیج دیا ہے، عثمان بزدار

October 23, 2021

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قیدیوں کے ساتھ جیل ملازمین کو ریلیف دینے کیلئے پیکیج دیا ہے، جیل عملے کے سروس اسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہا ہے۔

ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ جیل ملازمین کو ایک اضافی بنیادی تنخواہ کے برابر الاؤنس دیا جائے گا جبکہ پیکیج پر تقریباً 2 ارب 77 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جیل وارڈن، ہیڈ وارڈن اور چیف وارڈن کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی ہے اور ان پوسٹوں کی اپ گریڈیشن پر 9 کروڑ 24 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ محکمہ جیل کو 21 گاڑیاں دی جارہی ہیں جس پر 10 کروڑ 64 لاکھ روپے صرف ہوں گے اور ہر جیل کو 2، 2 جیل وین دی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 72 وین کی فراہمی پر 91 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت آئے گی، جیلوں میں موجود 287 پریزن وین کی مرمت اور بحالی کی جارہی ہے۔