پاکستانی تماشائیوں کی گراؤنڈ میں بھارتیوں کی ٹرولنگ

October 25, 2021

کل کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت کو زور کا جھٹکا ملنے کے بعد پاکستانی شائقین نے دبئی کے گراؤنڈ میں ہی بھارتی تماشائیوں کی ٹرولنگ شروع کردی۔

پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی تاریخی شکست پر ملک بھر میں ہر عُمر کے افراد بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ جشن مناتے ہوئے نظر آرہے ہیں، کسی نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا تو وہیں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو کہ گزشتہ روز ہونے والے پاک بھارت میچ کے دوران تماشائیوں کی جانب سے بنائی گئی۔

یہ ویڈیو اُس وقت بنائی گئی کہ جب پاکستان اپنی جیت کے بہت قریب تھا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی شائقین اپنے ساتھ موجود بھارتی تماشائیوں کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہوئے پوچھتے ہیں کہ ’بھائی! کتنے آدمی تھے؟‘

اس سوال کے جواب میں ایک پاکستانی تماشائی کہتا ہے کہ بھائی دو آدمی تھے۔‘

اس کے بعد وہاں موجود پاکستانی شائقین بھارت کے مشہور زمانہ اشتہار کا گانا ’موقع موقع، چوکا چوکا‘ گاتے ہیں اور بھارتیوں کے لیے خوب قہقہے لگاتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان بابراعظم کے بلے نے بھی رنز اگلے اور انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب بہترین بولنگ پرفارمنس پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔