پاکستان کی فتح: اہلیہ نے عُمر شریف کی تصویر شیئر کردی

October 25, 2021

کل کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کی تاریخی فتح کے بعد معروف کامیڈین کنگ عُمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے اُن کی یادگار تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

زرین غزل نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مرحوم عُمر شریف کی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں اداکار میچ دیکھ رہے ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں عُمر شریف ٹی وی اسکرین کے سامنے کھڑے ہیں اور ٹی وی پر پاکستان کا میچ نشر ہو رہا ہے۔

تصویر میں عُمر شریف کو ’جیت‘ کا اشارہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

زرین غزل نے شوہر کی تصویر کے کیپشن میں قومی کرکٹرز کو جیت کی مبارکباد دی۔

اُنہوں نے کہا کہ ’پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور وہ اس جیت کے مستحق تھے۔‘

عُمر شریف کی اہلیہ نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی پرفارمنس کی بھی تعریف کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان بابراعظم کے بلے نے بھی رنز اگلے اور انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب بہترین بولنگ پرفارمنس پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔