ثانیہ مرزا ، ویرات کوہلی کے مثبت جذبے کی معترف

October 25, 2021

معروف بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کو پاکستان سے میچ میں شکست کےبعد ویرات کوہلی کے مثبت جذبے کو دیکھ کر متاثر ہوگئیں ۔

ثانیہ مرزا نے اپنی انسٹا اسٹوری پر پاک بھارت میچ کے بعد اسٹیڈیم سے یاد گار لمحےکی تصویر شیئر کی ہے ، جس میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی پاکستانی کرکٹر محمد رضوان کو ان کی شاندار بیٹنگ پر گلے لگا کر مبارکباد دیتے نظر آرہے ہیں ۔

انہوں نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ’ کھیل اور انسانیت بہت خوبصورت جذبے ہیں ۔‘

یاد رہے کہ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو میچ کے اختتام پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے گلے لگا کر مبارکباد دی تھی۔

پاکستان نے ورلڈکپ میں بھارت سے شکست کا جمود توڑتے ہوئے اسے 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کی۔

اس میچ میں محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

رضوان نے جیتے ہی وننگ رن مکمل کیا تو اس کے بعد انہوں نے پہلے گراؤنڈ میں جشن منایا۔

اس کے بعد جب انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں سے روایتی انداز میں ملاقات کی تو اس دوران بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے محمد رضوان کو گلے لگالیا۔