نادرا، نئے دفاتر قائم، اوقات کار بڑھائے جائیں، حافظ نعیم

October 26, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ا میر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے نادرا ہیڈ کوارٹر کراچی میں ڈی جی نادرا سندھ بریگیڈئر (ر)خالد لطیف سے ملاقات کی،ملاقات میں نادرا میگا سینٹرز اورنیشنل رجسٹریشن سینٹرزمیں عوام کو درپیش مشکلات کے فوری حل کے لیے گفتگو کی گئی اور مطالبہ کیا کہ سینٹرز پر عوام کی لمبی قطاریں ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، ناروا سلوک اور درخواست گزاروں سے غیر ضروری کاغذات طلب کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ سینٹرز کو ایوننگ شفٹ میں بھی فعال ،نئے دفاتر قائم اور موجودہ سینٹرز کے اوقات کار بڑھائے جائیں ،بلاک شناختی کارڈ کے کیسز کے لیے لمبی مدت کی تاریخیں نہ دی جائیں،وراثتی سرٹیفیکیٹ کے حصول میں آسانی پیدا کی جائے۔ اس موقع پر ڈی جی نادرا نے یقین دہانی کرائی کہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ شہر میں نادرا کے مزید سینٹرز بنائے جا رہے ہیں۔وفد میں نائب امیر راجہ عارف سلطان اور پبلک ایڈ کمیٹی نادرا سیل کے طاہر امیر الحسن بھی موجود تھے۔