ایمیزون کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اینڈی جیسی نے اعلان کیا ہے کہ ایمازون کمپنی 2026ء سے 2030ء تک بھارت میں مجموعی طور پر 48 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی۔
کمپنی کے مطابق اس سرمایہ کاری کا بڑا حصہ ای کامرس، مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ انفرااسٹرکچر کی توسیع پر خرچ کیا جائے گا۔
ایمازون 2030ء تک مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ کے شعبے میں مزید 13 ارب ڈالرز لگائے گی جس کے بعد اس شعبے میں مجموعی سرمایہ کاری 21 ارب ڈالرز سے تجاوز کر جائے گی۔
اس منصوبے کے تحت بھارتی شہر ممبئی اور حیدرآباد میں ڈیٹا سینٹرز کی استعداد بڑھائی جائے گی، جس سے کاروباری اداروں، نئی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کو جدید کلاؤڈ اور مصنوعی ذہانت کی سہولتیں میسر آئیں گی۔
ایمازون کے مطابق 2010ء سے 2030ء تک بھارت میں اس کی مجموعی سرمایہ کاری 88 ارب ڈالرز سے زیادہ ہو جائے گی۔
کمپنی نے 3.8 ملین ملازمتوں، 80 ارب ڈالرز کی برآمدات، 15 ملین چھوٹے کاروباروں کی ڈیجیٹل معاونت اور 4 ملین سرکاری اسکول طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی تعلیم فراہم کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔