بابر تکنیکی اعتبار سے ویرات کوہلی سے زیادہ باصلاحیت، انضمام الحق

October 26, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم تکنیکی اعتبار سے ویرات کوہلی سے زیادہ صلاحیت رکھتے ہیں ،سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا کمبی نیشن جیت کے لئے بہترین ہے کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت نہیں ،رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہاکہ مہنگائی سے عوام بہت تکلیف میں ہیں ،تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہاکہ حکومت کو عوام کی تکلیف کا احساس ہے اور بہت جلدایک خوشخبری آرہی ہے اور ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے بڑا ریلیف ملنے والا ہے ۔سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ ویرات کوہلی نے بھارت کے لئے10,15سال میں اچھی کارکردگی دکھائی لیکن پاکستان کے لئے بابر اعظم کی 5 سالہ کارکردگی بہترین ہے ، بابر اعظم پاکستان کے لئے ایسے ہی کھیلتے رہے تو صرف پاکستان ٹیم نہیں دیگر ٹیموں کے ریکارڈ بھی توڑ سکتا ہے ، بابر اعظم تکنیکی اعتبار سے ویرات کوہلی سے زیادہ صلاحیت رکھتے ہیں ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے پورا کھیل پلان کرکے کھیلا اور بہترین مانی جانے والی ٹیم بھارت کو آؤٹ کلاس کیا ، پاکستان ٹیم کا کمبی نیشن جیت کے لئے بہترین ہے کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت نہیں۔