ملک میں اہل آبادی کی کورونا ویکسینیشن 25 فیصد ہوچکی، ڈاکٹر فیصل سلطان

October 27, 2021


معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ملک میں اہل آبادی کی کورونا ویکسینیشن 25 فیصد ہوچکی ہے، روزانہ 7 ساڑھے 7 لاکھ افراد کی ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ آبادی کا ایک بڑا تناسب ابھی موجود ہے جسے انفیکشن ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ خصوصاً نوجوانوں کی ویکسینیشن جاری رہنی چاہیے، دس کروڑ سے زائد ویکسین کے ڈوز لگائے جا چکے ہیں، کورونا ویکسین کی کوئی فیس نہیں یہ مفت لگائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگوانی چاہیے، ویکسین محفوظ ہے، اسلام آباد میں دو تہائی سے زائد آبادی ویکسین لگوا چکی ہے۔

ڈاکٹر فیصل کا مزید کہنا تھا کہ خسرہ ویکسین کی دو سے زیادہ خوراک کی ضرورت نہیں ہوتی۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 516 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 13 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 717 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 34 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 28 ہزار 405 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 70 ہزار 322 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 23 ہزار 982 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 487 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 17 ہزار 935 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 38 ہزار 430 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 6 لاکھ 10 ہزار 681 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 لاکھ 28 ہزار 492 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 10 کروڑ 14 لاکھ 70 ہزار 254 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 3 کروڑ 89 لاکھ 77 ہزار 366 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔