تحریک عدم اعتماد پیش کردیں تو حکومت نہیں بچ سکے گی، بلاول بھٹو

October 28, 2021

لاڑکانہ( بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر سیاسی جماعتیں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردیں تو یہ حکومت نہیں بچ سکے گی۔ وہ بدھ کو لاڑکانہ کے محلہ مراد واہن، شیخ محلہ اور دڑی محلے میں کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر مختصر خطاب کررہے تھے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر اسمبلیوں میں تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی تو یہ حکومت نہیں بچے گی۔ہم دوسری سیاسی جماعتوں سے بھی کہیں گے وہ اس جمہوری آپشن کو استعمال کریں۔اس وقت ہر پاکستانی پیپلز پارٹی کی جانب دیکھ رہا ہے کیونکہ جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت آتی ہے تو عوام میں شعور آتا ہے اور وہ اپنے فیصلے خود کرتا ہے ۔ پی پی حکومت عوام کو مشکلات سے نکالتی اور روزگار دیتی ہے جبکہ موجودہ حکومت عوام کی مشکلات اور بے روزگاری میں اضافہ کررہی ہے۔