سنجیو کمار کی شادی نہ ہونے کی وجہ قربانی دینے والی بیوی کی خواہش تھی، ہیما مالینی

November 10, 2021

بالی ووڈ کی معروف اور سینئر اداکارہ ہیما مالینی نے ایک بار کہا تھا کہ آنجہانی سنجیو کمار ہر قسم کی قربانی دینے والی بیوی چاہتے تھے اور یہی وجہ تھی کہ وہ زندگی بھر شادی نہ کرسکے اور ایسے ہی اس دنیا سے چلے گئے۔

یاد رہے کہ ہیما مالینی اور سنجیو کمار کے درمیان ایک زمانے میں رومانس کا سلسلہ بھی چلا جو غلط فہمیوں اور اختلافات پر ختم ہوگیا۔

دونوں نے ایک ساتھ ’سیتا اور گیتا‘ اور ’شعلے‘ جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا اور ایک دوسرے کے قریب آئے جبکہ اس کے علاوہ بھی سنجیو کمار چند بار دیگر خواتین سے شادی کرنے والے تھے لیکن معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔

اپنی حالیہ مستند سوانح حیات ’این ایکٹرز ایکٹر‘ میں مصنف حنیف زاویری اور سومنتا بٹرا نے ہیما مالینی اور سنجیو کمار کے درمیان میل ملاپ اور غلط فہمیوں کے بارے میں کافی کچھ لکھا ہے۔

ان کے مطابق دونوں میں قربت 1972 کی فلم سیتا اور گیتا کی شوٹنگ کے دوران ہوئی، بالخصوص اس فلم کا گانا (ہوا کے ساتھ ساتھ) تو دونوں کو بہت ہی قریب لایا۔

اسکیٹنگ کے دوران پہاڑ پر پیش آنے والے ایک واقعے نے تو دونوں کو ایک جان دو قالب بنا دیا تھا، لیکن پھر کچھ ایسا ہوا کہ سب ختم ہوگیا۔