سیمی فائنل: ملک، رضوان کی جگہ سرفراز، حیدر کو کھلائے جانے کا امکان

November 10, 2021

فائل فوٹو

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل کل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے متعلق بتایا جارہا ہے کہ فلو کا شکار ہونے والے شعیب ملک اور محمد رضوان کی جگہ سرفراز احمد اور حیدر علی کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

دو روز آرام کے بعد پاکستان ٹیم نے آج آئی سی سی اکیڈمی میں ٹریننگ کا آغاز کیا، پاکستان ٹیم کے دو قابل اعتماد بیٹسمین شعیب ملک اور محمد رضوان ٹیم کے ہمراہ پریکٹس کے لیے نہیں آئے۔

پاکستان ٹیم کے میڈیا منیجر ابراہیم بدیس کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو فلُو ہوا ہے اور معمولی بخار بھی ہے تاہم ان کی کووڈ ٹیسٹ کی رپورٹ کلیئر آئی ہے، البتہ ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے دونوں کھلاڑیوں کا کل صبح پھر چیک آپ کیا جائے گا۔

دوسری جانب سابق کپتان سرفراز احمد پریکٹس سیشن کے دوران بھرپور بیٹنگ کی پریکٹس کرتے نظر آئے اگر شعیب ملک اور رضوان سیمی فائنل نہ کھیل سکے تو سرفراز احمد اور حیدر علی کو اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

قومی کرکٹرز نے سیمی فائنل سے قبل طویل ٹریننگ کی، کھلاڑیوں نے پہلے ایکسرسائزز کیں جس کے بعد فیلڈنگ کی ڈرلز ہوئیں اور پھر کھلاڑیوں نے نیٹ پر بیٹنگ اور بولنگ کی۔