ججوں کو بار اور ملکی سیاست کا حصہ بننے سے گریز کرنا چاہئے، صدر لاہور ہائیکورٹ بار

November 26, 2021

لاہور ( وقائع نگار خصوصی )صدرلاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن مقصود بٹر نے کہا ہے کہ ججوں کو کسی بھی ادارے کے دباؤ میں آئے بغیرےآئین اور قانون کے مطابق فیصلےکرنے چاہئیں، انہیں اپنے منصب کی پاسداری کرتے ہوئے بار اور ملکی سیاست کا حصہ بننے سے گریز کرنا چاہئے۔انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وکلاء کا قومی کنونشن بلانے کا اعلان کیا۔اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ بار کے نائب صدر مدثر مگھیانہ ، فنانس سیکرٹری فیصل توقیر سیال پروفیشنل گروپ کے لیڈر حامد خان ، لاہور ہائی کورٹ بار کے سابق صدر شفقت محمود چوہان ، پیپلز لائرز فورم کے خرم کھوسہ ، سپریم کورٹ بار کے سابق سیکرٹری اسلم زار ، سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل نوید عنایت ملک بھی موجود تھے ۔ مقصود بٹر نے کہا گزشتہ دنوں منعقدہ کنونشن پر ہمیں تحفظات ہیں،ججوں کو کسی صورت بار سیاست میں حصہ نہیں لینا چاہیے،ججوں کا پروگراموں میں آنے سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے جیسے وہ ایک گروپ کی حمایت کر رہے ہیں ۔سپریم جوڈیشل کونسل ایسے ججوں کے خلاف کارروائی کرے۔ پروفیشنل گروپ کے سربراہ حامد خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ کانفرنس میں ہوا ،اس سے بہت زیادہ اختلافات پیدا ہوئے ہیں ۔صدر لاہور ہائیکورٹ بار کا قومی سطح پر کانفرنس بلانے کا اعلان خوش آئند ہے ۔