سی پیک کا دوسرا مرحلہ، پاکستان اورچین میں پہلازرعی معاہدہ طے

November 26, 2021

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)چین اور پاکستان کے درمیان صنعتی اور زرعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے ترقیاتی مرحلے میں پہلا زرعی معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت پاکستان سے پیاز چین کی منڈی میں بھیجے جائینگے، مقامی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد دیگا ،چین میں پاکستانی سفارتخانے نے چینی میڈیا کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ معاہدہ چین کی منڈی میں پاکستان سے پیاز کی مصنوعات کی رسائی کو آسان بنائیگا اور پاکستان کو پیاز کی مقامی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے میں مزید مدد دیگا،پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق کی وزارت کیساتھ پاکستان سے درآمد شدہ پیاز کے معائنے کی ضروریات کیلئے ایک پروٹوکول پر دستخط کرنے کے بعد کہا کہ سی پیک اعلیٰ معیار کی ترقی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جس میں زرعی تجارت، کولڈ چین سٹوریج اور دیگر شعبوں میں مضبوط دوطرفہ تعاون کو بہتر بنانے کیساتھ صنعتی اور زرعی تعاون پر توجہ دی گئی ہے، وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے کہا کہ چین ایک بہت وسیع اور پختہ صارف منڈی ہے ، پاکستان چین کیساتھ زرعی تعاون بڑھانے اور چین کو آم، چیری اور ڈیری مصنوعات جیسی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کی امید رکھتا ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی برآمدات سے متعلق پہلا معاہدہ چین میں پاکستانی پیاز کی منڈی تک رسائی کا آغاز ہے۔