کانپور ٹیسٹ، کیویز بھارت میں دھاڑنے لگے، بغیر نقصان 129رنز

November 27, 2021

کانپور (جنگ نیوز) بھارت کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں شکست دینے والے کیویز نے ایک اور زبردست پرفارمنس پیش کردی۔ فاسٹ بولر ٹم سائوتھی کے لگائے زخم ہرے تھے کہ مہمان بیٹرز بھی دھاڑنے لگے۔ کانپور ٹیسٹ کے دوسرے دن ہوم سائیڈ کو 345پر آئوٹ کرنے کے بعد بلیک کیپس نے ہوم بولنگ بے اثر بناتے ہوئے کسی نقصان کے بغیر 129 رنز اسکور کرلیے۔ دوسرے دن کا کھیل مکمل طور پر مہمان ٹیم کے نام رہا۔ نیوزی لینڈ کی شاندار بولنگ کے سبب میزبان سائیڈ جمعہ کو کھانے کے وقفے کے بعد آل آئوٹ ہوگئی۔ آخری چار وکٹوں پر87 رنز کا اضافہ ہوسکا۔ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے شریاس ایئر 105 ، رویندرا جدیجہ 50 اور اومیش یادیو38رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ٹم سائوتھی نے 69 رنز دے کر پانچ اور کائل جیمی سن نے تین شکار کیے۔ جواب میں کھیل ختم ہونے تک کیوی اوپنرز ڈٹے رہے۔ ٹام لیتھم 50 اور ول ینگ75 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔