معروف شاعر طاہرحنفی کے دو شعری مجموعوں کی تقریب پذیرائی چیئرمین پیمرا مہمان خصوصی تھے

November 27, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) دارالحکومت کی فعال ادبی تنظیم اشارہ انٹرنیشنل کے زیراہتمام جمعہ کو معروف شاعر طاہرحنفی کے دو شعری مجموعوں ’’خانہ بدوش آنکھیں‘‘ اور ’’یرغمالِ خاک‘‘ کی تقریب پذیرائی اکادمی ادبیات اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ طاہر حنفی نے اپنی شاعری میں سماجی رویوں کو اجاگر کیا اور انہوں نے طاہر حنفی کو عہد حاضر کا اہم شاعر قرار دیا۔ تقریب کی صدارت ممتاز شاعر خاور اعجاز نے کی جبکہ چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ مہمان خصوصی تھے۔ کراچی سے آئے ہوئے ممتاز شاعر صابر ظفر اور حسن عباس رضا مہمانان اعزاز تھے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر جنید آزر نے ادا کئے۔ شاعر کے فن و شخصیت کے حوالے سے اظہار خیال کرنے والوں میں معروف صحافی اور ادیب سید جاوید علی، فاروق عادل، محمودہ غازیہ، ر ح رفاقت، داؤد کیف، جمال ناصر عثمانی، حمید قیصر اور ڈاکٹر سعدیہ کمال شامل ہیں۔ معروف شعراء اطہر ضیا، شہباز چوہان، مرزا عبدالرشید ایڈووکیٹ، طاہر پرواز اور سبین یونس نے طاہر حنفی کو پھول پیش کئے۔