پی ٹی آئی حکومت پاکستان کو 30 سال پیچھے لے گئی، سراج الحق

November 28, 2021

امیرِ جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو 30 سال پیچھے لے گئی ہے۔

اسلام آباد میں یوتھ مارچ سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ 2023ء میں عوام عمران خان کو آئنہ دکھائیں گے، جو نوجوان انہیں اقتدار میں لائے وہی بھگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 22 کروڑ عوام کو دھوکا دیا، چینی مافیا، گندم مافیا، پیٹرول مافیا نے اربوں روپے عوام سے بٹورے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو عوام پر مسلط کیا گیا، روز نئی وڈیو لیکس دیکھتے ہیں، خان صاحب نے ملکی اداروں کو تباہ کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ظالموں اور لٹیروں کو حکومت سے رخصت کرنے کی ضرورت ہے، نوجوانوں کا سمندر اب وزیراعظم ہاؤس کا رخ کرنے کو تیار ہے۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ میں 74 سالوں سے نوجوانوں کی نمائندگی نہیں، خان صاحب نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے عوام مشکل میں ہیں، ہم اسلام آباد میں انہیں وارننگ دینے آئے ہیں، انہیں بتانے آئے ہیں کہ پاکستان چلانا آپ کے بس کی بات نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلامی ریاست کا نام لے کر کشمیر بیچا گیا، آپ نے کشمیر کے ساتھ غداری کی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے ایسا کام کیا جائے کہ اس سے بے امنی ہو، اس وقت ایک نہیں دو پاکستان ہیں، نوجوان ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے الیکشن میں ایک جادوئی مشین لانے کا فیصلہ کیا ہے، ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن نے اعتراضات کیے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل، ریلوے، پی آئی اے کو تباہ کردیا گیا، اسلامی ریاست کا نام لے کر سود، کرپشن اور بدعنوانی کو عام کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ لاہور، پشاور، کوئٹہ والوں کو تاحال انصاف نہیں ملا، آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن چاہتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ نوجوان آئندہ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں، آئندہ انتخابات میں 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیں گے۔