گلاسگو کانفرنس، وزارت کے افراد اپنے بچے بھی ساتھ لیکر گئے، طاہر صادق

November 30, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے گلاسگومیں ہونے والی کوپ 26میں شرکت کرنے والے وفد، اس پر اٹھنےوالے اخراجات ، ٹین بلین ٹری میں مبینہ مالی بے قاعدگیوں کی تفصیلات طلب کر لیں رکن طاہر صادق نے بتایا کہ گلاسگوکانفرنس میں وزارت کے افراد اپنے بچےبھی ساتھ لیکرگئے،وزیر مملکت زرتاج گل نے بتایا کہ بیٹی اور شوہر کا ٹکٹ خود خریدا، قائمہ کمیٹی نےاخراجات کی تفصیلات طلب کر لیں،کمیٹی نے پنجاب کے سیکرٹری ماحولیات کی عدم موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری سے بریفنگ لینے سے انکار کر دیا، کمیٹی نے لاء ڈویژن کے نمائندے کی غیرحاضری پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ وزارت کو اظہار ناراضگی کا خط جاری کرنے کی ہدایت کر دی، پیر کو چیئرپرسن کمیٹی منزہ حسن کی زیر صدارت اجلاس میں طاہر صادق نے کہا کہ جو پیسہ آ رہا ہے وہ صحیح جگہ نہیں لگ رہا ہے ، اس میں بے تحاشا کرپشن ہے ، اس وزارت کے لوگ باہر پکنک پر جاتے ہیں ، بچے، پوتے ، پوتیاں اور نواسے بھی ساتھ لیکر جاتے ہیں ، زرتاج گل ان کو کیوں پروٹکٹ کرتی ہیں ، یہ لوگ دورہ کے دوران ایسے ہوٹل میں رہے جس کا ایک رات کا کرایہ7سو پائونڈ ہے ، ٹین بلین ٹری کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے ، اس میں 6اعشاریہ 3ملین روپے کا گھپلا ہوا ہے۔