والد کو بچاتے ہوئے مٹی لگنے کی وجہ سے کرینہ کے پاؤں دھوئے، امیتابھ بچن

December 01, 2021

ممبئی (آئی این پی) بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار انہوں نے کرینہ کپور کے پیر دھوئے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک بلاگ میں بگ بی نے اپنی پرانی یادداشتوں کو دہراتے ہوئے بتایا کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب کرینہ کپور بہت چھوٹی تھیں اور 1983میں فلم پکار کی شوٹنگ دیکھنے پھولوں والا خوبصورت ہیٹ پہنے گووا میں فلم کے سیٹ پر پہنچی تھیں۔اس وقت فلم کا ایک ایکشن سین عکسبند کیا جارہا تھا جس میں امیتابھ بچن کرینہ کپور کے والد رندھیر کپور کو پیٹ رہے تھے۔ کرینہ سے یہ برداشت نہیں ہوا اور وہ اپنی معصومیت میں دوڑ کر آئیں اور اپنے والد سے لپٹ گئیں۔ امیتابھ نے بتایا اس وقت کرینہ مجھے برا آدمی سمجھ رہی تھیں اور مجھ سے اپنے والد کی حفاظت کرنا چاہ رہی تھیں۔ اپنے بلاگ میں بگ بی نے مزید بتایا کہ اس وقت کرینہ کے آنکھوں میں آنسو تھے اوروہ بہت فکر مند نظر آرہی تھیں۔ اور جس وقت وہ دوڑ کر اپنے والد کے پاس آئیں ان کے ننھے سے خوبصورت پیروں میں مٹی لگ گئی تھی۔ کرینہ کپور کو پرسکون کرنے کے لیے میں نے پانی منگوایا اور ان کے پیر دھوئے تاکہ انہیں یہ یقین دلاسکوں کہ میں سچ میں ان کے والد کو نہیں ماررہا تھا۔ اور میرا خیال ہے کرینہ کے پیر دھونے کے بعد شاید میرے بارے میں ان کی رائے بدل گئی تھی کہ میں ایک برا آدمی نہیں ہوں۔ کرینہ کو بھی یہ واقعہ آج تک یاد ہے۔