سفاری پارک، چڑیا گھر کے ہاتھی مجموعی طور پر صحت مند قرار، ہائیکورٹ میں طبی معائنے کی رپورٹ پیش

December 01, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے سفاری پارک اور چڑیا گھر کے چار ہاتھیوں کی صحت سے متعلق درخواست پر تفصیلی رپورٹ تین ہفتوں میں طلب کر لی، درخواست کی سماعت پر جرمن ڈاکٹر فرینک گورٹز، درخواست گزار اویس اعوان و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، اس دوران چاروں ہاتھیوں کے طبی معائنے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، جرمن ڈاکٹر نے چاروں ہاتھیوں کو مجموعی طور پر صحت مند قرار دے دیا، ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سفاری پارک کے دو ہاتھیوں کو پاؤں کا انفکیشن ہے، مسلسل کھڑے رہنے سے ملکہ اور سونو کا وزن زیادہ ہوچکا ہے، پاؤں میں تکلیف ہے، چڑیا گھر کے ہاتھی نور جہاں اور مدھو بالا کے دانتوں میں انفیکشن ہے، اگر دانتوں کے ایشو کو حل نہ کیا تو انفکیشن سر تک جانے کا خدشہ ہے، ہاتھی "سونو" کو میل بتایا گیا جو کہ فیمیل نکلی، تمام ہاتھیوں کا وزن قدرے زیادہ ہے اور جسم میں ورم کی علامات ہیں، چڑیا گھر کے دونوں ہاتھیوں میں ہیموگلوبن کی معمولی کمی ہے، سفاری پارک میں دونوں ہاتھیوں کو غذائی مسائل کا سامنا ہے، ناخن زیادہ بڑھے ہوئے فوڈ پیڈ ، پھوڑے بھی تھے، چڑیا گھر میں دونوں ہاتھیوں کے پیروں کو فوری اور مناسب دیکھ بھال کی ضرورت ، علاج کے ساتھ خراب اور متاثرہ دانتوں کو سرجری کےذزریعے ہٹایا جاسکتا ہے، تشنج اور دیگر بیماریوں سے بچائو کی ویکسینیشن لازمی ہے، پاؤں اور دانتوں کی بیماریاں جان لیوا بن سکتی ہیں، ہاتھیوں کو مطلوبہ سہولتیں ، ماحول اور فوڈ کیئر پروگرام ، جسمانی اور ذہنی طور پر متحرک کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے، ڈاکٹر فرینک نے بتایا کہ تفصیلی رپورٹ کے لئے دو ہفتوں کا وقت درکار ہے، عدالت نے ڈاکٹر فرینک سے استفسار کیا کہ آپ کب تک کراچی میں ہیں؟ ڈاکٹر فرینک نے بتایا کہ میں کل پاکستان سے واپس جارہا ہوں، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ جمع کرادی ہے، عدالت نے ریمارکس دیئے ڈاکٹر فرینک تفصیلی رپورٹ بذریعہ ای میل ارسال کریں گے، لاہور چڑیا گھر سے دو لیڈی ڈاکٹر آئیں تھیں، کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ ہاتھیوں کا معائنہ کرلیا گیا، عدالت نے کہا کہ گذشتہ سماعت پر حکم دیا گیا تھا کہ مشترکہ طور پر معائنہ کیا جائے گا، جے ایم سی کے وکیل نے بتایا کہ معائنے کے وقت چڑیا گھر کے ذمہ دار بھی موجود تھے تفصیلی رپورٹ کے لئے کچھ وقت درکار ہے۔