پی پی حکومت ریاست کیخلاف کام کر رہی ہے، مصطفیٰ کمال

December 01, 2021


پاک سر زمین پارٹی(پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ریاست کے خلاف کام کر رہی ہے، ہم حکومتوں کے نہیں ریاست کے وفادار ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کو ’را‘ کے تسلط سے اس لیے آزاد نہیں کرایا کہ زرداری کو دے دیا جائے، کیا سندھ آصف زرداری اور بلاول کی جاگیر ہے؟ کراچی میں امن قائم کرنے کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم 2013 کے بلدیاتی قانون کو نہیں مانتے اور اب اس میں مزید ترامیم کی گئی ہیں، جب ایم کیو ایم اقتدار میں تھی تب 2013 ء کا بلدیاتی قانون منظور ہوا، 2013 کے بلدیاتی قانون میں جو اختیارات تھے وہ مزید کم کیے گئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سٹی گورنمنٹ سے سارے تعلیمی اور ہیلتھ کے ادارے لے کر صوبائی حکومت کو دے دیئے گئے ہیں۔

پی ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ اب میئر کا انتخاب سیکریٹ بیلٹ کے ذریعے کیا جائے گا اور پبلک ٹوائلٹس کا نظام سٹی گورنمنٹ کے ماتحت ہوگا۔

مصطفیٰ کمال کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس ملک میں سینیٹر، ایم پی اے، ایم این اے بکتا ہو، کیا وہاں کونسلر نہیں بکے گا؟ ہم اس ظلم اور زیادتی کو مسترد کرتے ہیں۔