تعمیرات کیلئے سنگل اتھارٹی قائم کی جائے، کوئی چیلنج نہ کرسکے، شیخانی

December 02, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محسن شیخانی نے کہا ہے کہ سندھ میں تعمیراتی شعبے کی ترقی اور تحفظ کیلئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو 5نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا، تعمیرات کیلئے سنگل اتھارٹی قائم کی جائے جسے کوئی بھی چیلنج نہ کرسکے ، 12ماہ کے اندر کراچی کیلئے ماسٹر پلان بنایا جائے، پنجاب طرز پر کمیشن قائم کیا جائے۔ وہ بدھ کو کراچی پریس کلب میں آباد کے سینئروائس چیئرمین محمد حنیف میمن، وائس چیئرمین الطاف کانٹا والا، آباد سدرن ریجن کے چیئرمین سفیان آڈھیا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔محسن شیخانی نے مزید کہا کہ ہم سندھ حکومت سے کوئی مراعات یا زمین نہیں مانگتے بلکہ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ ہمیں قانون کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی جائے،آباد غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ہے اور ہمیشہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آباد نے آواز اٹھائی ہے۔