اسلام آباد( فاروق اقدس ) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اپاچی اٹیک ہیلی کاپٹرز رواں ماہ بھارتی فوج کے حوالے کر دیے جائیں گے، دوسری کھیپ رواں سال نومبر تک متوقع ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ترسیل 800 ملین ڈالرز کے معاہدے کا حصہ ہے جو فروری 20 20 میں طے پایا تھا اور بعض تیکنیکی خدشات باعث 18 ماہ کی تاخیر سے اس کی فراہمی کا سلسلہ اب شروع ہو رہا ہے،بھارتی فوج کے اپاچی ہیلی کاپٹرز کو پاکستان کی سرحد پر جودھپور کے مقام پہ 451 آرمی ایوی ایشن سکواڈرن میں رکھے جائینگے، دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق امریکہ نے یہ ہیلی کاپٹر فروری 2024 بھارتی فوج کے حوالے کرنے تھے جس میں تین مرتبہ تاخیر ہوئی تاہم اب فریقین کی جانب سے تصدیق ہوئی ہے کہ پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر چھ اپاچی ہیلی کاپٹر میں سے تین ہیلی کاپٹرز روا ں ماہ بھارت کے حوالے کر دیے جائیں گے۔ بھارتی وزارت دفاع کے مطابق اپاچی ہیلی کاپٹرز کی پہلی بوئنگ کھیپ جولائی کے وسط میں متوقع ہے جبکہ باقی ہیلی کاپٹرز کی دوسری کھیپ رواں سال نومبر تک بھارت کو موصول ہوگی دنیا کے طاقتور ترین اور خطرناک ہیلی کاپٹرز میں شمار ہونے والے یہ اپاچی ہیلی کاپٹر افغانستان اور عراق سمیت کئی جنگی تنازعات میں استعمال ہوتے رہے ہیں اور زمینی حملوں میں مقابل کو تباہ کرنے کی غیر معمولی طاقت رکھتے ہیں۔