واگزار کرائی گئی اراضی پر میواکی جنگلات متعدد پارکس کاتعمیراتی کام بھی مکمل

December 02, 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وفاقی دارالحکومت کے ما حول کو بہتر بنانے کے لئے سی ڈی اے شعبہ انوائرمنٹ واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی پر میواکی جنگلات تشکیل دے رہا ہے۔ اس سلسلے میں سیکٹر جی نائن فور میں واگزار کرائی گئی دس کنال سے زائد سرکاری اراضی پر میواکی فاریسٹ تشکیل دے دیا گیاہے۔ یہ اقدامات نہ صرف شہر کی زمین کو تجاوزات اور قبضہ مافیا سے پاک رکھنے میں مددگار ثابت ہونگے بلکہ شہر کی خوبصورتی اور سرسبز وشاداب رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہونگے۔ سیکٹر آئی ایٹ میں خصوصی طور پر خواتین کے لئے لیڈیز پارک بھی بنایا گیا جس میں جاگنگ ، واکنگ ٹریکس، بچوں کے لئے جھولے اور سائیکلنگ ٹریکس بھی بنائے گئے ہیں جس کا باقاعدہ افتتاح جمعہ کے روز کردیا جائے گا۔ سیکٹر آئی چودہ میں چار پارکس،سیکٹر آئی سولہ میں ایک جبکہ ڈی بارہ میں پانچ پارکس کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ان تمام پارکس میں بیٹھنے کے لئے بینچز، روشنی کے مناسب انتظامات، سیکورٹی کے جدید انتظامات سمیت دیگر ضروری انتظامات کئے گئے ۔