منشیات کیخلاف جنگ میں پوری قوم کو ساتھ لیکر چلنا ہو گا،اعجاز شاہ

December 02, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار )وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر(ر)اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ففتھ جنریشن وار فیئر کا دور ہے، نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا ہمارا ٹارگٹ ہے، ہم منشیات کے پیداوار والے ممالک میں نہیں مگراپنی جغرافیائی پوزیشن کی وجہ سے اس لعنت کا شکار بنے، منشیات کیخلاف جنگ میں ہمیں پوری قوم کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا، نوشہرہ میں اے این ایف کی فائنل پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاس آوٹ ہونیوالے تمام افسران و حکام کو مبارکباد پیش کی اورکہا جس شعبہ کا انتخاب آپ نے کیا ہے یہ آنیوالی نسلوں کا مستقبل روشن و محفوظ کریگا، اس سلسلے میں چیلنجز ہیں ، منشیات سے پاک معاشرے کیلئے ہر کسی کا انفرادی طور پر کردار ادا کرنا ضروری ہے، اساتذہ اور والدین کا بھی اس میں اہم کردار ہے، امید ہے آپ حلف پر پورا اترینگے اور اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ثابت قدم رہیں گے،انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کا نیا ویرینٹ آگیا ہے احتیاط کریں اورویکسین لگوائیں، ہماری کوشش ہے یہ ویرئینٹ پاکستان میں نہ آئے ،وزیراعظم عمران خان کا گرین پاکستان کا خواب بھی سچ ہو گا، ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے پاکستان کی کوششوں کو عالمی پلیٹ فارم پر پذیرائی حاصل ہوئی۔ تقریب میں مسلح افواج، اے این ایف اور پولیس افسران، غیر ملکی نمائندگان اور پاس آؤٹ ہونیوالے افسران و اہلکاروں کے اہلخانہ نے شرکت کی، 358 کے دستے میں 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹر ، 5 انسپکٹر ، 28 سب انسپکٹر ، 37 اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور 286 کانسٹیبلز شامل تھے، بیچ میں لیڈی افسران اور اہلکار بھی شامل تھے،وفاقی وزیر اور ڈی جی اے این ایف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران و اہلکاروں میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے۔