محکمہ پبلک ہیلتھ کی درجنوں سکیمیں 13 سال بعد بھی مکمل نہ ہوسکیں

December 04, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی درجنوں ترقیاتی اسکیمیں 13 سال بعد بھی مکمل نہ ہوسکیں ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے فنڈز نہ ہونے پر واٹر سپلائی اور سولنگ سمیت دیگر سکیمیں ادھوری چھوڑ دیں ، ادھورے منصوبوں سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری ہونے کا معاملہ بھی انکشاف ہوا ہے۔ رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ کی جانب سے پرانی اسکیموں کو مکمل کرنے کے دعوے محض دعوے ہی نکلے ،سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے دور میں نواب پور ، بستی نو سمیت قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 کے مختلف مضافاتی علاقوں میں واٹر سپلائی ، سولنگ اور نالیوں کے 22 منصوبے شروع کئے گئے تھے - ان منصوبوں کے لئے 50 فیصد فنڈز پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت نے فراہم کرنے تھے جبکہ 50 فیصد فنڈز مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت نے جاری کرنے تھے ، تاہم وفاقی حکومت کی طرف سے آدھے فنڈز فراہم کر دیے گئے تھے لیکن پنجاب حکومت کی طرف سے فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے مذکورہ منصوبے مکمل نہ ہو سکے۔ اس حوالے سے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم دستیابی منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹ بنی ہے ۔