سیالکوٹ واقعہ: سری لنکن وزیراعظم کا بیان سامنے آگیا

December 04, 2021

سیالکوٹ کی ایک گارمنٹ فیکٹری میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن شہری کے قتل پر وزیراعظممہندا راجا پکسےکا بیان سامنے آگیا۔

سری لنکن وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں انتہا پسند ہجوم کا پریانتھا کمارا پر بہیمانہ تشدد دیکھ کر شدید صدمہ ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ میرا دل پریانتھا کے اہلخانہ کے لیے بہت دُکھی ہے، اُمید ہے وزیراعظم عمران خان ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا وعدہ پورا کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں ایک فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹنے کے بعد آگ لگادی گئی تھی۔

مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

دوسری جانب پولیس تحقیقات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فیکٹری منیجر نے مشتعل افراد سے غلط فہمی کا اظہار کرکے معذرت بھی کی تھی لیکن اس کے باوجود اسے قتل کر دیا گیا۔