• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ واقعے پر کیا بولوں سمجھ نہیں آرہا، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی جانب سے سیالکوٹ واقعے پر ردّعمل سامنے آگیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’کل سے سوچ رہا تھا کہ سیالکوٹ واقعے پر کیا لکھوں لفظ تو بے عمل ہو گئے ہیں۔‘

فواد چوہدری نے کہا کہ ’ایسے واقعات صرف 48 گھنٹے ہمیں تکلیف دیتے ہیں پھر سب نارمل ہو جاتا ہے اور تب تک احساس دفن رہتا ہے جب تک اگلا واقعہ نہ ہو۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’یہ بے حسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ہے، ہمارے سامنے ملکوں میں خون کے دریا بہہ گئے۔‘

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ’ہم نے معاشرے میں ٹائم بم لگا دئیے ہیں، ان بموں کو ناکارہ نہ کیا تو وہ پھٹیں گے ہی اور کیا کریں گے۔‘

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ’وقت ریت کی طرح ہاتھوں سے نکل رہا ہے، بہت توجہ چاہیے بہت توجہ۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگادی گئی تھی۔

مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

تازہ ترین