پختونوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے ،پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن

December 05, 2021

پشاور(وقائع نگار) پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداران نے کہا ہے کہ پختونوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔سیاسی کارکنوں کو ایف آئی آر سے ڈرایا نہیں جاسکتا عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی اور پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین کے خلاف مقدمہ درج کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا پختون اب اپنے ایک منتخب ایم این اے کیلئے پرامن احتجاج کا حق بھی کھو چکے ہیں۔ پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر ملک احتشام الحق اور جنرل سیکرٹری مزمل کاکڑ کے مطابق ٹی ایل پی کو پروموٹ کرنے کیلئے پولیس شہداء کا خون بہایا گیا اور حکومتی نمائندے ان کے سربراہان کو ہار پہنا رہے ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ ملک کے اندر ایک نہیں بلکہ دو نظام چل رہے ہیں جس کا خمیازہ ریاست کو بھگتنا پڑ سکتا ہے عدم تشدد کے پیروکاروں کو اس قسم کی ہتکھنڈوں سے نہیں ڈرایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے پختون قوم اور ملک کیلئے بہت سے قربانیاں دی ہے جبکہ باچا خان کے عدم تشدد کے فلسفہ کے پیروکار ہے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اضغر خان اچکزئی اور پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین کے خلاف مقدمہ جلد از جلد واپس لئے جائے۔