پراپرٹی ویلیو میں اضافہ سے تعمیراتی پیکیج متاثر، بزنس تباہ ہوگا‘ خالد ملک

December 05, 2021

اسلام آباد (جنگ نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر خالد ملک نے ایف بی آر کے پراپرٹی کی ویلیو میں اضافہ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے حکومت کے جاری تعمیراتی پیکیج کو نہ صرف نقصان ہو گا بلکہ بزنس بھی تباہ ہو جائیگا۔ معاشی مندی اور کورونا کی وباء نے پہلے ہی کوئی کسر نہیں چھوڑی، وزیراعظم اس فیصلہ پر نوٹس لیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کاروبار پہلے ہی 60فیصد تک سکڑ چکے ہیں، آئی ایم ایف کے دبائو کی وجہ سے معیشت دبائو میں ہے، بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔ حکومت معاشی انڈی کیٹرز کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے، اس صورتحال میں یکطرفہ نوٹیفکیشن سے پراپرٹی کی ویلیو میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا اور سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا جس سے خدشہ ہے کہ تعمیراتی صنعت بیٹھ جائیگی۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور مشیر خزانہ شوکت ترین سے مطالبہ کیا کہ بغیر مشاورت اٹھائے گئے ایف بی آر کے اقدام کو فوری واپس لیا جائے۔