سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے سلمان خان کی ویڈیو اور تصاویر دوبارہ زیرِگردش

December 05, 2021

فوٹو بشکریہ اشتیاق بیگ/ فیس بک

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی سندھ کے ثقافتی لباس سندھی ٹوپی اور اجرک پہننے کی ماضی کی تصاویر اور ویڈیوز دوبارہ وائرل ہوگئیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستان کے سماجی کارکن سلمان خان کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کرتے ہوئے انہیں یہ پہنارہے ہیں۔

واضح رہے کہ ان ویڈیو اور تصاویر کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ تقریباً 10 سال قبل پرانی ہیں، تاہم سندھی ثقافتی دن کے موقع پر ایک مرتبہ پھر یہ وائرل ہورہی ہیں جنہیں سوشل میڈیا صارفین بھی خوب پسند کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آج سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر صوبے کے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء سندھی ثقافت کو اُجاگر کرنے کے لیے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے شرکت کر رہے ہیں۔

ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو منائے جانے والے سندھی یوم ثقافت کو سندھ کے باسی عید کے تہوار کی طرح مناتے ہیں، اس سلسلے میں آج بھی ہر کوئی سندھ کے روایتی رنگوں میں رنگا ہوا ہے۔

سندھی ٹوپی اور اجرک زیب تن کیے سندھ کی ثقافت کو اُجاگر کرنے کے ساتھ اس دن کو بھرپور انداز سے منایا جارہا ہے، مختلف تقریبات میں عوام سندھی ثقافتی ٹیبلوز پیش کر کے یا علاقائی گیتوں پر والہانہ رقص کر کے اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سندھ کے باسیوں کا کہنا ہے کہ یوم ثقافت منانے کا مقصد سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں اُجاگر کر کے اس بات کا اظہار کرنا ہے کہ سندھ محبت اور امن کی سر زمین ہے۔