دنیا بھر میں سمندر سے 300 گیگا واٹ قابل تجدید توانائی حاصل کی جا سکتی ہے

December 06, 2021

سمندر سے حاصل کی جانے والی توانائی کے موضوع پر منعقد ہونے والی ایک کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں سمندر سے 300/GW قابل تجدید توانائی حاصل کی جا سکتی ہے جس سے ساڑھے تین کروڑ گھروں کو روشن کیا جاسکتا ہے۔

یہ بات یورپی دارالحکومت برسلز میں منعقد ہونے والی Ocean Energy Europe 2021 کانفرنس میں بتائی گئی۔

کانفرنس کے مختلف سیشنز میں مقررین نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یورپ اور اس کے ادارے سمندر سے حاصل ہونے والی توانائی اور اس میں مسلسل آنے والی جدت کا مرکز ہے۔ یورپ کے سمندروں سے 2050 تک 100 گیگا واٹ توانائی حاصل ہو سکتی ہے جو یورپ میں 76 ملین گھروں کیلئے کافی ہوگی۔ یہ مقدار یورپ میں استعمال ہونے والی کل انرجی کا 10 فیصد کے قریب بنتا ہے۔

اس کے علاوہ اس سے ایک بالکل نیا انڈسٹریل سیکٹر وجود میں لاکر 4 لاکھ نئے روزگار بھی پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ ماہرین نے مزید اندازہ لگایا کہ 2050 تک میرین انرجی کی ساری سپلائی چین کی اکنامک ویلیو 100 ارب یورو ہو جائے گی جس کے ساتھ 650000 نئی نوکریاں پیدا ہوں گی۔

ماہرین نے کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے پیرس ایگریمنٹ پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے۔

یاد رہے کہ سمندر سے توانائی حاصل کرنے کے اب تک جو مختلف طریقے سامنے آئے ہیں، ان میں ویوو انرجی، ٹائیڈل انرجی، اوشین تھرمل انرجی کنورژن، سیلینیٹی گریڈئینٹ اور مختلف فلوٹنگ سسٹمز شامل ہیں۔