جنید جمشید کی زندگی کے مختلف اور دلچسپ ادوار

December 07, 2021

جنید جمشید کی زندگی کے مختلف اور دلچسپ ادوار/ فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

دل دل پاکستان سے دلوں میں گھر کرنے والے ہر دلعزیز گلوکار و نعت خواں جنید جمشید کو اپنے چاہنے والوں سے بچھڑے 5 برس بیت گئے ہیں، آج بھی اُن کی جدائی کا غم اُن کے اپنوں سمیت کروڑوں چاہنے والوں کو رُلا دیتا ہے۔

جنید جمشید کی یاد میںہزاروں ٹوئٹر و دیگر سوشل میڈ یا صارفین اُنہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُن کی یاد میں پوسٹس شیئر کر رہے ہیں۔

مداحوں کی جانب سے جنید جمشید کے بچپن اور لڑکپن سے لے کر جوانی تک کی زندگی کے مختلف ادوار کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے محبت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

جنید جمشید کے ایک مداح کی جانب سے اپنے غم کا اظہار شعر کی صورت میںکیا گیا ہے جو کہ کچھ یوںہے کہ ’بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی، اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا۔‘

جنید جمشید کی زندگی اور کیریئر پر ایک نظر:

جنید جمشید نے اپنے کیریئر کا آغاز تو گلوکاری سے تھا کیا لیکن بعد ازاں مذہب کی جانب بڑھتے ہوئے رجحان کے سبب انہوں نے اپنی زندگی اسلام کے لیے وقف کر دی۔

جنید جمشید نے اپنے گلوکاری کے کیریئر میں وہ شہرت اور مقبولیت حاصل کی جو بہت ہی کم لوگوں کے نصیب میں آتی ہے۔

پاکستان کے بہترین پاپ سنگر ہونے کے باوجود اُنہوں نے گلوکاری اور موسیقی کے کیریئر کو خیرباد کہہ دیا تاہم انہوں نے اپنی آواز کو ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں اپنی نعتوں کے ذریعے زندہ رکھا۔

7دسمبر 2016ء کو چترال سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے661 حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گئی تھی جس میں جنید جمشید اپنی اہلیہ کے ہمراہ سوار تھے۔

جنید جمشید بہت سے لوگوں کے لیے ایک متاثر کن شخصیت تھے، اُنہوں نے نعتوں کے ساتھ کئی دینی پروگرامز اور تبلیغی اجتماعات میں شرکت بھی کی۔