آئمہ بیگ نے دوران کنسرٹ مداح کے زخمی ہونے پر پرفارمنس روک دی

January 15, 2022

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے دوران کنسرٹ مداح کے زخمی ہونے پر پرفارمنس روک دی۔سوشل میڈیا پر آئمہ بیگ کے کنسرٹ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں پرفارمنس روک کر مداح سے گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آئمہ مداح سے اس کا حال پوچھ رہی ہیں اور کہہ رہی ہیں کیا ہوا ہے پاؤں پر چوٹ لگی ہے؟آئمہ نے انتظامیہ سے اس شخص کو باہر لے جا کر بٹھانے کی درخواست بھی کی جس کے بعد زخمی مداح کو ایک شخص کے سہارے سے کنسرٹ سے باہر جاتا دیکھا گیا۔آئمہ نے مداحوں سے کہا ایسا تو نہیں ہوسکتا نا کہ کوئی زخمی ہوجائے اور ہم پھر بھی گاتے رہیں۔علاوہ ازیں گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنے کنسرٹ کے دوران بدتمیزی کرنے والوں کو بہترین انداز میں جواب دیا ۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلوکارہ آئمہ بیگ نے بدتمیزی کرنے والوں کی غیراخلاقی حرکتوں کا اسی انداز میں جواب دیا ہے۔آئمہ بیگ کو اس ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ہم بھی کسی سے کم نہیں ہیں کیونکہ ہم بھی لاہور والے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ ویڈیو گلوکارہ آئمہ بیگ کے لاہور میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران بنائی گئی تھی کہ جب موجودہ عوام میں سے کچھ افراد ان کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آرہے تھے۔خیال رہے کہ اس سے قبل معروف گلوکار عاطف اسلم اور گلوکار عاصم اظہر کنسرٹ میں بدتمیزیوں سے پریشان ہوکر کانسرٹ چھوڑ کر جاچکے ہیں۔