90 کی دہائی سے باہر آئیں، اپنا مذاق نہ بنائیں، گووندا کو مداحوں کا مشورہ

January 15, 2022

ممبئی (این این آئی) بولی وڈ اسٹار گووندا اپنی نئی میوزک ویڈیو ʼ ہیلوʼ سے مداحوں کو متاثر نہ کرسکے ۔گووندا نے انسٹاگرام پر اپنی نئی میوزک ویڈیو شیئر کی ہے۔ اْنہوں نے اپنے نئے گانے اور اس کی میوزک ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہʼ ان کا تیسرا گانا (ہیلو) ان کے یوٹیوب چینل گووندا رائلز پر ریلیز کردیا گیا ہے۔ اْنہوں نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ کے بائیو میں اپنے نئے گانے کا یوٹیوب لنک بھی شیئر کیاہے۔اْنہوں نے مزید لکھا کہ ʼاْنہیں اْمید ہے کہ سب کو پسند آئے گاʼ۔گووندا اس میوزک ویڈیو میں اداکارہ نشا شرما کے ساتھ رنگین باغات اور روشن گلیوں میں ڈانس کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔تاہم معروف بولی وڈ اداکار جنہوں نے کچھ عرصہ پہلے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا ہے اپنے اس نئے گانے سے مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔گووندا کی اس میوزک ویڈیو پر زیادہ ترسوشل میڈیا صارفین نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہʼ آپ کو یہ سب کرتے ہوئے دیکھ کر شرمندگی ہوئیʼ۔ صارف نے مزید لکھا کہ ʼآپ کو اپنی عزت اور نام کا خیال کرنا چاہیے، اورماضی میں جو حیرت انگیز کام کیا ہے اس کو یاد رکھنا چاہیے، اس طرح اپنا مذاق نہ بنائیںʼ۔ جبکہ بہت سے صارفین نے گووندا کو حقائق کو تسلیم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہʼبراہ کرم 90 کی دہائی سے باہر آئیں کیونکہ اب ہم 90 کی دہائی میں نہیں 2022 میں جی رہے ہیںʼ۔