• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کا 22 مئی تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا


فوٹو: جنگ۔جنید احمد
فوٹو: جنگ۔جنید احمد

کراچی کی عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کا 22 مئی تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی نے جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی اپیل پر فیصلہ  سنا دیا، جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے قتل کیس میں ملزمہ پنکی کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کردی۔

عدالت نے ضلعی جنوبی کے دیگر 13 مقدمات میں ملزمہ کا عدالتی ریمانڈ دے دیا۔

کراچی میں ڈیوٹی مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو ضلع وسطی میں درج مقدمے کے سلسلے میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

اس سے قبل جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں منشیات کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے جسمانی ریمانڈ  کے  معاملے پر وکلاء نے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی استدعا کردی۔

سٹی کورٹ میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے پر عدالتی امور ٹھپ ہوگئے، وکلاء نے کہا کہ ملزمہ کی درخواست ضمانت پر زبانی فیصلہ کردیں، ملیر کورٹ نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ بجلی بحال ہونے کے بعد ہی کوئی آرڈر کیا جائے گا، اگر پان گٹکے کا کیس ہوتا تو آرڈر کردیتا، ہر ایف آئی آر میں ریمانڈ کی نوعیت الگ الگ ہے، کسی میں پہلا ریمانڈ ہے ،کسی میں دوسرا تو کسی میں مفرور تھی۔

ریمانڈ سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری

 ڈیوٹی مجسٹریٹ وسطی نے  ملزمہ انمول عرف پنکی کے ریمانڈ سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ سب انسپکٹر شوکت علی نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی، تفتیشی افسر نے بتایا ملزمہ سنگین مقدمات میں مفرور تھی، اب گرفتار ہوئی ہے، ریمانڈ درکار ہے۔

 عدالت نے ملزمہ کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا، ملزمہ نے پولیس کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی شکایت کی، خاتون میڈیکل افسر سے جانچ کروائی جائے، ملزمہ پر بظاہر تشدد کا کوئی نشان نہیں پایا گیا۔

قومی خبریں سے مزید