تابش ہاشمی نے 'ٹو بی آنیسٹ کو خیرباد کہہ دیا، نجی ٹی وی میں شو کی تیاری شروع

January 16, 2022

کراچی (این این آئی) یوٹیوب کے مقبول ترین کامیڈی، پولیٹیکل طنزیہ اور تفریحی شو ʼٹو بی آنیسٹʼ (ٹی بی ایچ) کے میزبان تابش ہاشمی نے یوٹیوب چینل کو خیرباد کہہ دیا۔تابش ہاشمی کا شو ʼٹو بی آنیسٹʼ ٹی وی چینلز پر نشر ہونیوالے شوز کے مقابلے زیادہ دیکھا اور پسند کیا جاتا رہا ہے، مذکورہ شو کو ʼناشپاتی پرائمʼ پر نشر کیا جاتا رہا ہے۔تابش ہاشمی نے ابتدائی طور پر 2018 میں ʼٹو بی آنیسٹʼ شو کی 6 اقساط ریکارڈ کروائی تھیں جو ان کے کینیڈا جانے کے بعد یوٹیوب پر ریلیز کی گئیں اور ان کے شو کو لوگوں نے خوب سراہا، کیوں کہ پاکستان میں اس طرح کے شو پہلے کبھی نہیں بنے تھے۔اپنے شو کے دوران انہوں نے متعدد شوبز شخصیات، سیاستدانوں، سماجی رہنمائوں اور سوشل میڈیا سٹارز کے انٹرویوز کیے اور ان کے پروگرامز میں شریک ہونے والے مہمانوں کے بیانات پر اسکینڈلز بھی بنے۔تابش ہاشمی نے بتایا کہ وہ جلد ہی کینیڈا سے پاکستان آکر نئے پروگرام کی تیاریاں شروع کردیں گے، تاہم انہوں نے پروگرام سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی۔تابش ہاشمی نے تصدیق کی کہ وہ نجی ٹی وی کے پولیٹیکل سٹائر پروگرام ʼخبرناکʼ کا حصہ نہیں ہوں گے بلکہ وہ بالکل نیا پروگرام کریں گے لیکن انہوں نے اس متعلق فوری طور پر تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔