ٹیکساس، مشتبہ شخص یہودی عبادت گاہ میں داخل، 4 افراد یرغمال

January 16, 2022


امریکا کی ریاست ٹیکساس میں ایک شخص نے یہودی عبادت گاہ میں داخل ہوکر راہب سمیت مبینہ طور پر چار افراد کو یرغمال بنالیا۔

لوگوں کو بازیاب کرانے کے لیے پولیس اور مشتبہ شخص کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ ایک مغوی کو رہا کردیا گیا ہے، یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب یہودی عبادت گاہ کے مناظر کو براہ راست نشر کیا جارہا تھا۔

امریکی ٹی وی سی این این کا دعویٰ ہے کہ تفتیش کاروں کے مطابق مشتبہ شخص ممکنہ طور پر عافیہ صدیقی کو رہائی دینے کے خیالات رکھتا ہے۔

لوگوں کو یرغمال بنانے والے شخص نے کہا کہ تم میری بہن کوٹیلی فون پر لو۔ پولیس نے یہودی عبادت گاہ کو گھیرے میں لے لیا، ملزم سے مذاکرات جاری ہیں۔

ایف بی آئی اور ٹیکساس محکمہ برائے پبلک سیفٹی کی یرغمالیوں کو بازیاب کرانے کی کوشش جاری ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق کوئی شخص زخمی نہیں، علاقہ خالی کرالیا گیا۔ پولیس نے لوگوں کو عبادت گاہ کے قریب نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صورتحال پرصدر جوبائیڈن کو بریفنگ دی گئی۔

امریکی حکام کے مطابق یرغمال بنائےجانے کے واقعے سے عام لوگوں کو خطرہ نہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہودیوں کی عبادت گاہ میں یرغمال بنایا گیا ایک شخص بازیاب کرالیا گیا ہے، بازیاب شخص محفوظ ہے جو کہ جلد خاندان سے ملوا دیا جائے گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق مشتبہ شخص ممکنہ طور پر عافیہ صدیقی کو رہائی دینے کے خیالات رکھتا ہے۔ عافیہ صدیقی امریکی ریاست ٹیکساس کی جیل میں 86 برس کی قید کاٹ رہی ہیں۔