حافظ نعیم الرحمان کا سندھ حکومت کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنے کا مشورہ

January 16, 2022

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ حکومت کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنے کا مشورہ دیدیا۔

بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی نے شارع فیصل پر احتجاجی ریلی نکالی، جس میں مختلف علاقوں سے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

احتجاجی ریلی سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ کے حکمران کراچی کو اندھی، بہری بلدیہ دینا چاہتے ہیں، جہاں میئر کے پاس اختیار نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 27 فروری کو مارچ کر رہی ہے، وہ پہلے اپنا گھر تو ٹھیک کرلیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ وڈیروں نے دیہی سندھ پر قبضہ کر رکھا ہے، کراچی سے وڈیرے اور جاگیردار قبضہ چھوڑ دیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سندھ میں اپوزیشن میں بیٹھے لوگ بھی ہمارے سوداگر بن گئے، آدھے سندھ پر قبضہ کرلیا ہے، بلدیاتی نظام پر قبضے کو چھڑوا کر رہیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے اور بنیادی سہولیات سے محروم ہے، سندھ کے حکمران کراچی کو اندھی، بہری بلدیہ دینا چاہتے ہیں، یہ ایسی بلدیہ لانا چاہتے ہیں جہاں میئر کے پاس اختیار نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اپنے حق اور اختیارات کے لیے بیدار ہو رہا ہے، شہر قائد میں ٹینکر مافیا کروڑوں کا دھندا کر رہا ہے۔