بیلا حدید کا اپنی فلسطینی دادی خیریہ حدید کو خراج عقیدت پیش

January 18, 2022

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پراپنی فلسطینی دادی خیریہ حدید کو خراج عقیدت پیش کیا ،جو 2008 میں انتقال کر گئی تھیں۔ غیرملکی میڈیاکے مطابق بیلا نے اپنے بچپن کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی بہن گیگی حدید اور چھوٹے بھائی انور حدید کے ہمراہ اپنی دادی خیریہ حدید کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔امریکی کیٹ واک اسٹار بیلا حدید کے والد محمد انورحدید کا تعلق فلسطین اور والدہ یولیندا حدید کا تعلق ہالینڈ سے تھا۔معروف فیشن اسٹار بیلا حدید کے والد رئیل اسٹیٹ کے بزنس مین فلسطینی نژاد امریکی محمد حدید نے بیلا کی پوسٹ کو دوبارہ شیئر کیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پراپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بچوں کے ساتھ ان کی دادی کی تصویر کو ٹریبیوٹ پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ظاہر العمر کی شہزادی اپنے پوتے اور پوتیوں کے ساتھ۔واضح رہے کہ ظاہر العمر1774تک شمالی فلسطین کے عرب حکمران تھے اور محمد حدید کا دعویٰ ہے کہ ان کی والدہ خیریہ حدید، ظاہرالعمر کی پوتی تھیں۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ میری بیٹی گیگی حدید کی بیٹی کا نام خیی ان کی دادی کے نام پر رکھا گیا ہے جب کہ بیلا حدید کا نام میں بھی دادی کے نام کا حصہ موجود ہے جیسا کہ بیلا کا مکمل نام بیلا خیر حدید ہے۔بیلا اور گیگی حدید کے بھائی انور حدید جو ان کے خاندان میں سب سے چھوٹے ہیں ان کا نام اپنے دادا کے نام پر رکھا گیا ہے۔