پریزنٹیشن کے لیے تیاری کیسے کریں

January 23, 2022

عمومی طور پر اچھی پریزنٹیشن میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ مواد کو حاضرین کے سامنے پیش کرنے کے لیے آپ نے کمپیوٹر اور دیگر جدید ایپس کا کس قدر مؤثر استعمال کیا ہے۔ ہرچندکہ، پریزنٹیشن کے مواد کو خوبصورت انداز میں پیش کرنے کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں لیکن آج کے مضمون میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی ہے کہ پریزنٹیشن دینے کے لیے آپ کی اپنی شخصی تیاری کیسی ہونی چاہیے اور آپ اپنی بات کس طرح اپنے حاضرین تک مؤثر انداز میں پہنچا سکتے ہیں، کیوں کہ بہرحال اسکرین پر دِکھائی جانے والی سلائیڈز اس وقت ہی پُراثر ثابت ہوسکتی ہیں، جب آپ نے مضمون کے بارے میں ٹھیک تیاری کی ہوئی ہو اور یہ جانتے ہوں کہ آپ نے اسے کس طرح پیش کرنا ہے۔

آپ کیا کر سکتے ہیں؟

اپنے حاضرین کے بارے میں سوچیں۔ اس بات پر سوچ بچار کریں کہ آپ کے حاضرین کے لیے وہ معلومات ضروری کیوں ہے جو آپ دے رہے ہیں اور اس موضوع کے متعلق کون سی بات اُن کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہوگی۔

واضح کریں کہ حاضرین کو کیا کرنا چاہیے۔ آپ کی بات کے شروع سے ہی تمام سامعین کو یہ اندازہ ہونا چاہیے کہ ’’یہ باتیں میرے لیے ہیں‘‘۔ جیسے جیسے آپ اہم نکات پر بات کرتے ہیں، یہ واضح کریں کہ وہ اِن پر کیسے عمل کر سکتے ہیں۔ گھماپھرا کر بات کرنے کی بجائے صاف اور واضح بات کریں۔

مؤثر تمہید باندھنا

تمہید سے حاضرین کے دل میں دلچسپی پیدا ہونی چاہیے، موضوع نمایاں ہونا چاہیے اور یہ واضح ہونا چاہیے کہ انھیں اِس موضوع میں دلچسپی کیوں لینی چاہیے۔ کوئی ایسا سوال، بات، حقیقی واقعہ یا خبر چُنیں جس سے سامعین کے دل میں دلچسپی پیدا ہو۔

فطری انداز میں بات

فطری انداز میں بات کریں لیکن حد سے زیادہ بےتکلف نہ ہوں۔ اِس طرح بولیں کہ آپ کے الفاظ صاف اور واضح سنائی دیں اور آپ کے جملے گرامر کے قواعد کے مطابق ہوں تاکہ آپ کے پیغام کی اہمیت برقرار رہے۔ اگر مناسب ہو تو سامعین کی آنکھوں میں دیکھ کر بات کریں۔ جب آپ تقریر کررہے ہوں تو ایک وقت میں سامعین میں سے کئی لوگوں کو دیکھنے یا اُن پر نظر ڈالنے کی بجائے کسی ایک شخص کو دیکھیں۔

درست اور قائل کرنے والی معلومات

قابلِ بھروسا معلومات دیں تاکہ سامعین صحیح نتیجے پر پہنچ سکیں۔ اگر آپ سائنسی حقائق، کسی خبر، تجربے یا کسی اور ثبوت کا ذکر کرتے ہیں تو یہ یقین کر لیں کہ آپ کی معلومات قابلِ بھروسا اور تازہ ترین ہیں۔ حقائق اور اعدادوشمار کو بڑھا چڑھا کر بیان نہ کریں۔ مثال کے طور پر’’کچھ لوگوں‘‘ کی جگہ ’’زیادہ تر لوگ‘‘ نہ کہیں یا ’’کبھی کبھار‘‘ کی جگہ ’’اکثر‘‘ یا ’’ہمیشہ‘‘ نہ کہیں۔

مثالیں دینا

مؤثر طریقے سے پریزنٹیشن دینے کے لیے ایسی سادہ مثالیں اِستعمال کریں جو حاضرین کے دل کو چُھو لیں اور جن سے وہ اہم نکات کو سمجھ جائیں۔ ایسے کاموں اور چیزوں کی مثالیں دیں جن سے وہ بخوبی واقف ہیں۔ اِس بات کا دھیان رکھیں کہ آپ کی مثالوں سے سامعین نہ تو شرمندہ ہوں اور نہ ہی اُنہیں ٹھیس پہنچے۔ اہم نکات کو سمجھانے کے لیے مثالیں دیں نہ کہ چھوٹی چھوٹی باتوں کو۔ اِس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کے حاضرین صرف آپ کی دی ہوئی مثال کو نہیں بلکہ اِس کے ذریعے سکھائے جانے والے سبق کو بھی یاد رکھیں۔

آواز میں اُتار چڑھاؤ

آواز کو اُونچا یا دھیما کرنے، لہجہ بدلنے اور تیز یا آہستہ بولنے سے اپنے خیالات کو واضح کریں اور سامعین کے احساسات کو اُبھاریں۔ اہم نکات کو نمایاں کرنے اور سامعین کو کچھ کرنے کی ترغیب دینے کے لیے اپنی آواز کو اُونچا کریں۔ سامعین کے دل میں تجسّس پیدا کرنے یا خوف یا پریشانی جیسے احساسات کا اِظہار کرنے کے لیے اپنی آواز کو دھیما کریں۔

متفرق جذبات اور احساسات جیسے کہ خوشی، جوش، غم، افسوس یا پریشانی کا اِظہار کرتے وقت اپنا لہجہ بدلیں۔ خوشی کا اِظہار کرتے وقت تیز بولیں جبکہ اہم نکات پر بات کرتے وقت آہستہ بولیں۔ ایک دَم سے اپنی بولنے کی رفتار نہ بدلیں ورنہ سامعین پریشان ہو جائیں گے۔ اِتنا تیز نہ بولیں کہ سامعین آپ کی بات ہی نہ سمجھ پائیں۔

اہم نکات کو نمایاں کرنا

اِس بات پر غور کریں کہ آیا آپ کی پریزنٹیشن کا مقصد لوگوں کو معلومات دینا ہے، انہیں قائل کرنا ہے یا انہیں کچھ کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ اس مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنی بات کو آگے بڑھائیں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ تمام اہم نکات کے ذریعے آپ اپنے مقصد کو حاصل کر سکیں۔

پورے یقین سے بات کرنا

ایسے الفاظ استعمال کریں جن سے ظاہر ہو کہ آپ کو اپنی بات پر پورا یقین ہے۔ مواد کو ہوبہو پڑھنے کی بجائے اپنے لفظوں میں بیان کریں۔ ایسے الفاظ چُنیں جن سے ظاہر ہو کہ آپ کو اُن باتوں پر پورا یقین ہے جو آپ کہہ رہے ہیں۔

معلوماتی مواد پیش کرنا

ایسے نکات پر کم وقت لگائیں جن سے حاضرین واقف ہیں جبکہ ایسے نکات پر زیادہ وقت لگائیں جو اُن کے لیے نئے ہیں۔

مؤثر اختتام

اختتام کو اپنے موضوع کے ساتھ جوڑیں۔ اہم نکات اور مرکزی خیال کو دُہرائیں۔ خلوصِ دل اور پورے یقین سے بات کریں۔ جلدی جلدی اختتام نہ کریں۔ آخری چند جملے اس طرح سے کہیں کہ یہ واضح ہو کہ آپ کی پریزنٹیشن ختم ہو رہی ہے۔