مفتاح اسماعیل نے ملک میں ترقی کے حکومتی دعووں کی تصدیق کردی

January 22, 2022


سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے ملک میں ترقی کے حکومتی دعووں کی تصدیق کردی۔

جیونیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس میں بحث والی بات نہیں کہ ملک میں پچھلے سال چار سے پانچ فیصد کی شرح سے ترقی ہوئی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ لیکن یہ ترقی وسیع بنیاد پر نہیں ہوئی ہے کیونکہ مہنگائی عوام کو مار رہی ہے اور برآمدات میں اضافہ بھی مہنگائی کی وجہ سے ہوا ہے۔

14 سال میں دوسری بلند ترین شرح نمو، شوکت ترین
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پاکستان اکانومسٹ نارملسی انڈیکس میں مسلسل تیسری بار ٹاپ تین ممالک میں آیا ہے یہ کامیابی دنیا میں کسی اور ملک نے حاصل نہیں کی۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ مالی سال 2021 میں 5.37 فیصد جی ڈی پی گروتھ سے اس کی عکاسی ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 14 سال میں یہ دوسری بلند ترین شرح نمو ہے۔

شوکت ترین نے کہا کہ بلوم برگ نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان پائیدار ترقی کی دہائی میں داخل ہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے دس سال آمدن میں فرق کم کرنے میں مدد ملے گی۔ روزگار میں اضافہ اور انسانی ترقی میں بہتری آئے گی۔