پریانکا چوپڑا اور نک جونس سروگیسی کے ذریعے والدین بن گئے

January 23, 2022

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ان کے شوہر گلوکار نک جونس نے سروگیسی کے ذریعے والدین بننے کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئرکی۔دونوں نے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے ایک ہفتے بعد 22 جنوری کو مشترکہ اعلان میں والدین بننے کی تصدیق کی۔پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے ایک جیسی ہی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش 15 جنوری کو ہوئی اور دونوں نے ’سروگیسی‘ یعنی کرائے کی کوکھ کے ذریعے بچے کو جنم دیا۔ تاہم یہ نہیں بتایا کہ ان کے ہاں بیٹا ہوا ہے یا بیٹی لیکن اب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جوڑی کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی ہے تاہم پیدائش وقت سے کئی ہفتے پہلے ہوئی ہے اور نومولود آخری اطلاعات تک اسپتال میں ہی ہے ۔بھارتی میڈیا نے بتایاکہ جنوبی کیلیفورنیا کے ایک اسپتال میں بچی کی پیدائش وقت سے 12ہفتے پہلے ہوئی ہے، صحت مند ہو نے تک نومولوداسپتال میں ہی رہے گی ۔ ذرائع نے بتایاکہ جوڑی ایک عرصے سے بچے کی خواہشمند تھی لیکن مصروف شیڈول کی وجہ سے کوئی فیصلہ نہ لے پائی اور بالآخر سروگیسی کا سہارا لیا، وہ جنوبی کیلیفورنیا کی ایک خاتون کے ساتھ رابطے میں تھے جو ان کے خیال میں مناسب تھی۔ دونوں نے مداحوں اور میڈیا کو اپیل کی کہ ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے اور وہ اس خوشی کے موقع پر نیک خواہشات پر سب کے مشکور ہیں۔پریانکا چوپڑا شادی سے قبل بھی اس بات کا اظہار کر چکی تھیں کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کے ڈھیر سارے بچے ہوں۔دونوں کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش پر ہولی وڈ و بولی وڈ شخصیات نے جوڑے کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے بچے کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی ہیں۔