کراچی: کورونا اموات کے پچھلے 2 ماہ کے ریکارڈ ٹوٹ گئے

January 24, 2022

فائل فوٹو

کراچی میں کورونا سے اموات کے پچھلے 2 ماہ کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، جنوری کے 23 روز میں شہر میں 68 افراد انتقال کرگئے.

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نومبر 2021 میں 53 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ دسمبر 2021 میں 51 افراد کورونا سے زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

کورونا سے سب سے زیادہ 24 اموات ضلع شرقی میں ہوئیں۔

ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ شہر میں اومی کرون کیسز کی تعداد 297 ہوگئی جبکہ 117 کیسز کراچی کے ضلع شرقی سے رپورٹ ہوئے۔

ترجمان نے کہا کہ 57 کیسز ضلع جنوبی سے سامنے آئے، اور 77 کیسز بیرون ملک سے آنے والوں میں ایئرپورٹ پر رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 7 ہزار 195 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید8 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 833 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 53 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 26 ہزار 899 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 741 ہو گئیں۔