ٹرانسپورٹرز کیساتھ ہونیوالی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے‘نصراللہ کاکڑ

January 25, 2022

کوئٹہ(پ ر) آل مشترکہ بلوچستان بس اور مزدا اونرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حاجی نصراللہ خان کاکڑ، پشتون بیلٹ منی ایسوسی ایشن کے صدر حاجی امیر محمد یاسین زئی ،کوئٹہ لورالائی کے چیئرمین حاجی غفار یاسین زئی، زیارت کے سید محمد سارنگزئی ، مسلم باغ کےملک عطا محمد مہترزئی اور قلعہ سیف اللہ کے رضا جوگیزئی نے بیان میں کہا ہے کہ اچھے افسروں کی ہمیشہ حمایت کی جائے گی ،کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمٰن بلوچ، ایکسائز کمرشل ایٹو ایکسائز جمشید گچکی اور زوہیب کبزئی سیکرٹری آر ٹی اے ایماندار افسر ہیں جن کی صوبے کو ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اور ٹرانسپورٹرز مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں ۔پی ڈی ایم قائدین میاں محمد نواز شریف ،مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی نے ہمیشہ ظالم کے خلاف آواز اٹھائی اورحقیقی سیاسی بالادستی اور جمہوریت کیلئے قربانی دی ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں سر عام کالے شیشے والی گاڑیاں گھوم رہی ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب وہی لوگ حکومت کیخلاف باتیں کر رہے ہیں جو تین سال مفادات حاصل کرتے رہے ایسے لوگوں سے عوام کیا توقع رکھ سکتے ہیں ۔انہوں نےکہا کہ پشتونوں کی واحد جماعت پشتونخوامیپ ہے جس نے ساڑھے چار سال حکومت میں پشتون علاقوں میں جو ترقیاتی کام کرائے اس کی مثال نہیں ملتی۔ حاجی نصراللہ کاکڑ نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پشتون بیلٹ کے ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے۔