یہ میرا سیاسی دورہ نہیں، عطاء اللّٰہ عیسیٰ خیلوی کا جواب دینے سے گریز

January 28, 2022

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار اور عمران خان کے سپورٹر عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں اور جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا اوور سیز پاکستانی ، ملک میں موجودہ حکومت سے مطئن ہیں تو عیسیٰ خیلوی نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا سیاسی دورہ نہیں ہے، اس لیے سیاسی سوالات بھی کسی اور وقت کے لیے چھوڑ دیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ کا کہنا تھاکہ اللہ کا کرم ہے ، سننے والوں کی محبت ملی، کورونا کی وجہ سے کہیں آجانہیں سکا تھا۔ سوال اوورسیز پاکستانیوں کو کورونا کے بعد آپ گھروں سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے ، یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کی حکومت کو سپورٹ کیا اور اقتدار میں لائے ، اب وہ آپ سے ملے ہوں گے ، ان کے کیا تاثرات ہیں ، اس کے جواب میں عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا کہنا تھاکہ یہ سیاسی دورہ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 80 ء کی دہائی سے اب تک جب بھی آتا ہوں تو لوگ محبت دیتے ہیں، صحت اچھی ہے ، سوشل میڈیا پر عام آدمی تک پہنچنا آسان ہوگیا اور نامناسب خبریں پھیلانے والوں کے لیے دعا ہی کرسکتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں ہدایت دے ۔ ان کاکہناتھاکہ پاکستان کا کسی ملک سے کوئی مقابلہ نہیں، آتا اس لیے ہوں کہ تارکین وطن کو اپنا کلچر یاد رہے ، آنیوالی نسلوں کو بھی اپنی ثقافت کے بارے میں پتہ ہو ، ورنہ پاکستان زندہ باد۔ پاکستان میں فلاحی کام کرنے اور غرباء کی مدد کے بارے میں سوال پر ان کا کہناتھاکہ مجھے یہ دیکھنا ہے کہ میں پاکستان کے لیے کیا کرتا ہوں، پاکستان کیا کرتا ہے، اس سے فرق نہیں پڑتا، اپنے تئیں غریب بہن بھائیوں کے لیے جو کچھ کرسکا، کرتا رہوں گا۔