شویتا تیواری نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی

January 28, 2022

بھارتی ٹیلی ویژن اور فلموں کی معروف اداکارہ شویتا تیواری نے بھگوان کے بارے میں اپنے متنازع بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے جو کچھ کہا وہ اپنے ساتھی اداکار سورابھ راج جین کے حوالے سے کہا تھا۔

واضح رہے کہ انھوں نے ایک ایونٹ کے موقع پر بھوپال میں ایک جملہ کہا تھا جس پر ایک طوفان کھڑا ہوگیا تھا۔

وہ بھوپال میں ایک آئندہ آنے والی ویب سیریز کی پروموشن کے لیے گئی تھیں۔ جہاں انھوں نے ایک بیان دیا جس پر مبنی ایک کلپ سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں انھوں نے اپنے جسمانی خدوخال کے حوالے سے بھگوان کا ذکر کیا تھا۔

تاہم اس پر پرستاروں نے کافی تنقید کی جبکہ بعض نے ان پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

تاہم اب شویتا نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے معذرت بھی طلب کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ان کے جملے کو سیاق وسباق سے ہٹ کر لیا گیا ہے جبکہ انھوں نے تو اپنے ایک ساتھی اداکار کے سابق کردار کا حوالہ دیا تھا۔