2800 پاکستانیوں نے یورپی یونین میں سیاسی پناہ کیلئے درخواست دی، یورپی ایجنسی

January 28, 2022

یورپی یونین کی ایجنسی برائے اسائلم (EUAA) نے دعویٰ کیا ہے کہ یورپی یونین میں پناہ حاصل کرنے کی درخواستیں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ ان میں 2800 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

یورپی ایجنسی کی جانب سے آج جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ستمبر اور نومبر 2021 میں داخل کی گئیں پناہ کی درخواستیں گذشتہ 5 سال کے دوران سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئیں۔

اس رپورٹ کے مطابق افغان اور شامی درخواست دہندگان کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ یورپین ایجنسی برائے پناہ EUAA کی جاری کردہ اس رپورٹ کے تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ یورپی ممالک میں نومبر 2021 میں تقریباً 40 ہزار سے زائد درخواستیں بین الاقوامی تحفظ کے تحت داخل ہوئیں۔ یہ تعداد 2016 کے ہجرت کے بحران کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان سے تعلق رکھنے والے افراد 13000 درخواستوں کے ساتھ سب سے بڑا گروپ ہے۔ 11500 درخواستیں شام سے تعلق رکھنے والے افراد نے داخل کیں۔

جبکہ 4300 درخواستوں کے ساتھ عراقی تیسرے نمبر پر ہیں۔ اسی دوران وینزویلا کے 3300، پاکستان کے 2800 اور کولمبیا کے 2500 افراد نے بھی یورپ میں پناہ حاصل کرنے کیلئے درخواستیں داخل کیں۔

یورپین یونین ممالک میں نابالغ ہونے کی بنیاد پر بھی 3300 درخواستیں جمع ہوئیں۔ جن میں نصف کے قریب افغانی تھے۔ اس کے بعد شامی، صومالی، بنگلہ دیشی اور پاکستانی رہے۔