ہر اداکار پیسے کیلئے کام کرتا ہے، فن کی خدمت کیلئے نہیں، نعمان اعجاز

January 29, 2022

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)نعمان اعجاز کے بقول ہر اداکار پیسے کے لیے کام کرتا ہے، فن کی خدمت کے لیے کوئی بھی نہیں آیا۔پرائیوٹ پروڈیوسرز کو چاہیے کہ فن کار کو اس کے ٹیلنٹ کے حساب سے وقت پر پیسے دیں ورنہ اداکار اچھا اور معیاری کام نہیں کرسکے گا۔پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری پر تین دہائیوں سے راج کرنے والے اداکار نعمان اعجاز کے ڈراموں میں ان کے ہر کردار کو پسند کیا گیا۔ ایک انٹرویو میں نعمان اعجاز نے بتایا کہ اداکاری سے قبل وہ وکالت کے پیشے سے وابستہ تھے۔ ان کے بقول اگر ان کے مالی حالات اداکاری کے لیے مجبور نہ کرتے تو شاید وہ آج وکیل ہی ہوتے۔نعمان اعجاز نے بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے سوچا کہ وکالت پڑھی ہے تو اس شعبے میں مستقبل کو تلاش کرنا ہے لیکن مالی حالات کی وجہ سے پیسے کمانے کے لیے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کی۔ لیکن وکالت میں پریکٹس کے دوران ایک دو ایسے مواقع ملے جس کے بعد صرف اداکاری کرنے کا ہی فیصلہ کیا۔نعمان اعجاز نے کہا کہ ان کی کامیابی کا راز ان کے اصول ہیں جس کی وجہ سے وہ زیادہ پروفیشنل انداز میں کام کرتے ہیں۔اسی کی دہائی میں ٹیلی وژن پر کام کرنے سے قبل نعمان اعجاز نے فلم انڈسٹری کا رخ کیا تھا اور ان کی تمام سات فلمیں باکس آفس پر ناکام رہیں۔اداکار نے بتایا کہ اپنی پہلی ہی فلم کے بعد انہیں اندازہ ہو گیا تھا کہ وہ فلم کے لیے نہیں بنے اور وہ فلمی دنیا کے لوگوں میں گھل مل نہیں سکتے۔نعمان اعجاز کے مطابق جب انہیں شوٹ پر جانا ہوتا تھا تو ان پر عجیب سی پریشانی طاری ہوجاتی تھی اور وہ اس وقت یہی دعا کرتے تھے کے ان کی فلمیں نہ چلیں۔وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ان کی ساتوں فلمیں فلاپ ہوگئیں جس کے بعد وہ ٹیلی وژن پر آئے۔