لتا منگیشکر کی طبیعت میں بہتری، وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا

January 29, 2022

ممبئی (این این آئی)بولی وڈ کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ گلوکارہ کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے جس کے بعد اْنہیں وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے۔92 سالہ گلوکارہ لتا منگیشکر گزشتہ کئی روز سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں، گلوکارہ کو کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد اسپتال میں داخل ہوئے تقریباََ 19 دن ہوچکے ہیں۔اب گلوکارہ کے اہلخانہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کیا جس میں اْنہوں نے کہا کہ ʼلتا دیدی اب بھی ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال کے آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں لیکن اْنہیں وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے۔منگیشکر کے مداحوں کی دعاؤں کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اہلخانہ نے مزید کہا کہ ʼفی الحال! اْن کی طبیعت میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں لیکن وہ اب بھی ڈاکٹر پریت صمدانی کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ٹیم کے زیرِ نگرانی رہیں گی۔گلوکارہ کے اہلخانہ نے مزید کہا کہ ʼہم آپ کی دعاؤں اور نیک خواہشات کے لیے ہر ایک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔